@Mussarat
"اللہ سے وابستگی"
ایک فقیر ایک درویش کی ملاقات کو آیا جس سے اُسے بڑی عقیدت تھی۔ کیا دیکھتا ہے کہ درویش ایک مخملیں غالیچے پر بیٹھا ہوا ہے، اور اس کے سر پر ریشمی کپڑے کی جھونپڑی تنی ہے جس کو سونے کی میخوں سے زمیں میں گاڑا گیا ہے۔
فقیر نے جب یہ سب دیکھا تو فریاد کرنے لگا: "پیر و مرشد یہ سب کیا ہے؟ میں تو آپ کے زہد و خدا پر توکّل کی وجہ سے آپ کا مرید بنا تھا۔ اب یہ شان و شوکت دیکھ کر میں دنگ رہ گیا ہوں۔"
درویش نے ہنس کر کہا: "میں تیّار ہوں کہ یہ سب کچھ ترک کر کے تمہارے ہمراہ چلوں۔"
یہ کہہ کر درویش اٹھا اور فقیر کے ساتھ چل پڑا۔ اُس نے اتنی زحمت بھی نہیں کی کہ اپنے چپّل ہی پہن لے۔
کچھ دور چلنے کے بعد فقیر کہنے لگا: "میں اپنا کشکول تو آپ کے خیمے میں بھول آیا۔ اُس کے بغیر میرا گزارہ کیسے ہو سکتا ہے؟ آپ رکیں! میں ابھی جا کر کشکول اٹھا لاتا ہوں۔"
درویش نے پھر ہنس کر کہا: "میرے دوست! میرے چھونپڑی کی سونے کی میخیں زمین میں دھنسی ہیں میرے دل میں نہیں۔ لیکن تمہارا کشکولِ گدائی ابھی بھی تمہارے تعاقب میں ہے۔"
دنیا میں زندگی گزارنے کا مطلب وابستگی نہیں ہے۔ دنیا کا تصوّر ذہن میں بٹھانا وابستگی ہے۔ دنیا آپ کے دماغ سے نکلے گی تو اللہ سے وابستگی حاصل ہو گی۔
منقول
2 8 views
Like
Comment
Share
Be the first to write comment