طلسم ہوشربا دنیا
ایک ایسی دنیا کی کہانی جہاں لاٹھی اژدھا بنتی ہے پتھر سے بارہ چشمے نکالتی ہے اور سمندروں میں راستے بناتی ہے۔ اس دنیا میں کوئ نو سو پچاس برس کی عمر پاتا ہے تو کوئ تین سو نو برس مسلسل سوتا ہے۔ ایک شخص جب سو برس سونے کے بعد جاگتا ہے تو اپنے کھانے کو تازہ پر گدھے کو ڈھانچہ پاتا ہے۔
اس طلسماتی دنیا میں مردوں کا زندہ ہونا عام سی بات ہے۔ کبھی کوئ انسان مرے ہووں کو زندہ کر رہا ہے تو کبھی گائے کا ٹکڑا مار کر مردے زندہ کیے جا رہے ہیں۔ کہیں ٹکڑوں میں کٹا پرندہ زندہ ہو رہا ہے تو کہیں مٹی سے بنے پرندوں کو زندہ کیا جا رہا ہے۔ ایک مرتبہ تو سو برس پرانے ڈھانچے پر دیکھتے ہی دیکھتے اچانک گوشت چڑھنا شروع ہو جاتا ہے پھر کھال منڈھ آتی ہے اور مردار ڈھانچہ دوبارہ جیتاجاگتا گدھا بن کر کھڑا ہو جاتا ہے۔ اور تو اور یہاں ایک پوری قوم کو موت دے کر اسے بھی دوبارہ زندہ کیا جاتا ہے۔
اس ہوشربا دنیا میں کرتے اندھوں پر پھیرنے سے اندھے بینا بنتے ہیں اور ہاتھ بغل سے نکالنے پر روشن چمکدار نکلتے ہیں یہاں آگ ٹھنڈی ہوتی ہے اور چاند شق ہوتے ہیں۔ اس دنیا میں چیونٹیاں آپس میں بات چیت کرتی ہیں تو انسان سنتے ہیں بلکہ مسکراتے بھی ہیں۔ یہاں پہاڑ سے اونٹنی نکل سکتی ہے اور ابابیلیں ہاتھیوں کو کنکر مار کر انہیں بھوسہ بنا سکتی ہیں۔
اس کرشماتی دنیا میں کھانے آسمانوں سے اترتے ہیں اور جنات و شیاطین آسمانوں کی باتیں سننے اوپر کو جاتے ہیں۔ یہاں دودھ پیتا بچہ پنگھوڑے میں تبلیغ کرتا ہے ہدہد قوموں کے تمدن پر لیکچر دیتا ہے اور مچھلی بندہ نگل کر زندہ اگلتی ہے۔
اس مافوق الفطرت دنیا میں قومیں بندر اور خنزیر بھی بنائی جاتی ہیں اور تخت پلک جھپکنے میں لائے جاتے ہیں جنات قلعے اور تماثیلیں بناتے ہیں اور غوطے بھی لگاتے ہیں۔ اس دنیا کا سورج گدلے چشمے میں ڈوبتا ہے اور اولے آسمان میں موجود پہاڑ سے برسائے جاتے ہیں۔
یہ دنیا نرالی اور دلچسپ دنیا ہے اور اس دنیا میں عقل والوں کے لیے بڑی نشانیاں ہیں
طلسم اور کرشمات کی کی ایک اس سے بھی بڑی دنیا ہے
اس کرشماتی دنیا میں ہزاروں ٹن پانی انسانوں کے سروں پر سے اڑتا ہوا ہزاروں میل کا سفر طے کرتا ہےاور ساری زمین کو سیراب کرتا ہے
کئی ہزار سنٹی گریڈ گرم اور اس سے کہیں زیادہ کمیت کا حامل سورج غیر معمولی طور پر محتاط فاصلہ رکھ کر زمین پر زندگی کو ممکن بناتا ہے۔
ہزاروں کہکشائیں اور ستارے اہنے دامن میں ہزاروں راز لئے ہمہ وقت انسان کو محوِ حیرت کر تے ہیں
معمولی سے تخم کے اندر سے کونپل، پودا اور پھر تناور درخت نکل آتا ہے، اور پھر انواع و اقسام کے پھل اور ان پھلوں کے اندر سے اسی طرح کے لاکھوں بیج نکل آتے ہیں، یہ طلسم ہی تو ہے کہ یہ سب ایک حقیر سے بیج کے بطن سے نکلتے ہیں
یہ پھل اور دوسری غذائیں انسان کھاتے ہیں تو ان ہی کے اندر سے انسان کے جسمانی اعضاء نشوونما پا جاتے ہیں۔
ان اعضاء کے کرشماتی ربط کی بدولت انسان اس زمین پر چل پاتا ہے اور اس پر موجود انواع و اقسام کے حیوانات اور نباتات کا مشاہدہ کرتا ہے
ہائے یہ کرشمہ سازی نہیں تو اور کیا ہے کہ ایک معمولی قطرۂ آب چند ماہ میں ایک زندگی کے حامل مکمل جسم میں بدل جاتا ہے
اور کچھ سالوں میں شعور کی منزلیں طے کر کے اپنی پیدائش کے اس عظیم الشان کرشمے کا سراپا ثبوت بنکر خدا کی کرشمہ سازی کا معترف ہونے کے بجائے موسیٰ کی لاٹھی کے سانپ بننے اور یونس کے مچھلی کے پیٹ میں زندہ رہنے جیسے واقعات کو لا یعنی اور نا ممکن واقعات گردانتا ہے
زمین و آسمان میں پھیلے ان گنت طلسماتی واقعات دیکھنے کے با وجود خدا کی رحمت کے نتیجے میں آنے والے پیغمبر وں سے معجزات طلب کرتا ہے اور جب خدا اپنے بندے کی اس طفلانہ ضد پر، اپنی رحمت سے محض اپنے بندوں کو جنت کا حقدار بنانے کیلئے پہلے سے موجود عظیم الشان معجزات کے مقابلے میں نہایت معمولی اور سادہ کرشمے دکھاتا یے تو سر بسجود ہونے کے بجائے اسے طلسم ہوش ربا گردانتا ہے
ہائے رے انسان!
اگر حقیقتاً کوئی شے ہوش ربا یے تو وہ سرکشی اور دیدہ دلیری کا پیکر انسان ہے جو عقل والا ہو کر بھی یہ نشانیاں سمجھنے سے قاصر ہے
کاپی پیسٹ ۔۔۔مسلم