وقت کی لکیریں
تویونی فجی کا ایک خوبصورت جزیرہ ہے سورج اپنا سفر روزانہ یہاں سے شروع کرتا ہے، یہاں زمین کی ڈیٹ لائین ہے یہ چھ انچ کی دس فٹ لمبی لکیر ہے ، لکیر پر بورڈ لگا ہے ، بورڈ درمیان سے کٹا ہوا ہے ، ایک حصے پر ایسٹ اور یسٹر ڈے (گزرا ہوا کل) اور دوسرے پر ویسٹ اور ٹوڈے (آج) تحریر ہے ، آپ اگر بورڈ کے درمیان کھڑے ہو جائیں تو آپ کے بائیں ہاتھ ٹوڈے اور دائیں جانب یسٹرڈے ہو گا ، سورج تویونی میں طلوع ہونے کے بعد مغرب کی طرف سفر شروع کرتا ہے۔
آپ گلوب کو دیکھیں تو آپ کو اس کے اوپر والے سرے پر شمالی قطب اور نیچے پیندے میں جنوبی قطب ملے گا، قطب شمالی سے قطب جنوبی کی طرف 24 لکیریں اوپر سے نیچے آتی ہیں، یہ 24 لکیریں 24گھنٹوں کو ظاہر کرتی ہیں، آسٹریلیا تویونی سے دو لکیروں کے فاصلے پر ہے لہٰذا تویونی اور آسٹریلیا کے درمیان دو گھنٹے کا فرق ہے، پاکستان ساتویں لکیر پر واقع ہے اس کا مطلب ہے تویونی میں طلوع ہونے والا سورج سات گھنٹے بعد پاکستان پہنچتا ہے جب کہ برطانیہ بارہویں لکیر پر واقع ہے اور یہ بارہ گھنٹے کی دوری ہے۔۔۔۔☆
سورج جب تویونی میں نکلتا ہے تو لندن کے گرین وچ میں عین اس وقت رات کے بارہ بج جاتے ہیں اور یوں نئی تاریخ شروع ہو جاتی ہے، اسی طرح جوں ہی لندن میں صبح طلوع ہوتی ہے تویونی میں رات کے بارہ بج جاتے ہیں اور کیلینڈر پر اگلا دن شروع ہو جاتا ہے، ہم اگر اسی طرح ڈیٹ لائین کے بورڈ پر دائیں ہاتھ سفر شروع کر دیں تو ہم پچھلے دن میں چلے جائیں گے اور گلوب کی ہر لکیر ہمیں ایک گھنٹہ پیچھے لے جاتی چلی جائے گی یہی وجہ ہے تویونی میں جب اتوار کا دن طلوع ہوتا ہے تو امریکا اور کینیڈا میں اس وقت ہفتے کا دن ہوتا ہے، کیوں؟ کیونکہ یہ دونوں تویونی کی ڈیڈ لائین میں دائیں جانب ہیں۔۔۔۔☆
تویونی ایک طلسماتی جزیرہ ہے، یہ مشرق کی طرف آخری انسانی آبادی ہے، اس سے آگے پانی کے سوا کچھ نہیں، بس خلاء ہے، اللہ کا نام ہے اور دنیا کے حقیر ہونے کا احساس ہے، دوسری طرف کیلے، ناریل اور انناس کے جنگل ہیں، آپ جزیرے میں کسی طرف نکل جائیں، آپ ناریل کے گھنے جنگل میں گم ہو جائیں گے، اس گہرے گھور جنگل میں ایک بڑی آبشار بھی ہے ، یہ آبشار تویونی کی جھیل سے نکلتی ہے، یہ جزیرہ آتش فشانی زلزلے کی پیداوار تھا، ہزاروں سال پہلے یہاں زلزلہ آیا، زلزلے سے آتش فشاں پھٹا اور پہاڑوں کے اوپر ایک وسیع جھیل بن گئی، یہ جھیل اب ندیاں، نالے اور آبشاریں بن کر جزیرے میں اترتی ہے اور یہاں کے لو گوں کی آبی ضرورت پوری کرتی ہے۔۔☆
تویونی کی مسجد بھی حیران کن تجربہ ہے،یہ مسجد ہندوستان کے مزدور مسلمانوں نے سو سال پہلے بنائی، عمارت لکڑی سے تعمیر ہوئی اور یہ ستونوں پر کھڑی ہے یہ خاصی خستہ حال ہے کرہ ارض پر روزانہ فجر کی پہلی اذان اس مسجد میں ہوتی ہے۔۔۔۔☆