فلموں کی بھی ایک عجیب ہی دُنیا ہے. مشہور زمانہ فلم ٹائی ٹینک جس جہاز کے ڈوبنے کی کہانی پر بنی تھی اس جہاز کی قیمت 7.5 ملین امریکی ڈالر تھی. جبکہ اس پر بنی فلم کی لاگت 2 سو ملین ڈالر تھی. اس فلم کی کہانی نے 2 بلین ڈالر سے زیادہ کمائی کی. شمالی بحر اوقیانوس کی تہہ میں پڑا ٹائی ٹینک کا ڈھانچہ بھی سوچ رہا ہوگا میں ڈوب کر اتنا قیمتی کیسے ہوگیا.؟
خوشی کے تعاقب میں بے گھر کرس گارڈنر نے بھی اُس وقت سوچا نہ ہوگا جب وہ اپنے بیٹے کے ساتھ بقا کی جنگ لڑ رہا تھا کہ ایک دن اس دور کی اس کی کہانی The Pursuit of Happiness دُنیا میں 307 ملین ڈالر کما کر دے گی. اس فلم میں ول سمتھ اور اس کے بیٹے نے کرس گارڈنر اور اس کے بیٹے کا کردار ادا کیا تھا. فلم کے آخری منظر میں ول سمتھ پلٹ کر جس شخص کو دیکھتا ہے وہ کرس گارڈنر تھا.
بحر اوقیانوس کی تہہ میں ہزاروں جہازوں کے ڈھانچے پڑے ہیں. ٹائی ٹینک بھی ایک ڈوبا ہوا بوسیدہ ڈھانچہ ہی ہوتا، لیکن کچھ لوگوں نے اس کی کہانی کو گمنام نہ ہونے دیا. ٹائی ٹینک ڈوب گیا لیکن اس کا سفر اور ذکر آج بھی ہو رہا ہے. خوشی کے تعاقب میں کرس گارڈنر ہی نہیں تھا آج کا ہر انسان ہے. لیکن آخر یہ خوشی ہے کیا.؟
ہم انسانوں کی سوچ بھی فلمی دُنیا کی طرح عجیب ہی ہے. مثلاً آپ کسی سے بھی پوچھ لیں دُنیا کی بلند ترین چوٹی کونسی ہے.؟ بچہ بچہ جواب دے گا "ماونٹ ایورسٹ" نیپال میں واقع ماونٹ ایورسٹ سطح سمندر سے 8850 میٹر بلند واقعی دُنیا کی بلند ترین چوٹی ہے. لیکن اگر آپ کا حساب سطح سمندر سے ہو. وہ جو ہمیں نظر آتا ہے.
لیکن اگر آپ زمین کی سطح سے بلندی ناپیں تو ماونٹ ایورسٹ نہیں پھر جزائر ہوائی کے پاس سمندر میں واقع آتش فشاں چوٹی ماونو کیا 9754 میٹر کے ساتھ دُنیا کی بلند ترین چوٹی ہے. لیکن اس کی بلندی سمندر میں چھپی ہوئی ہے. عام آنکھ کو اس کی ہیبت ویسے متاثر نہیں کرتی جیسے ماونٹ ایورسٹ یا k2 کرتے ہیں. خوشی بھی ایک ایسا ہی احساس ہے. کچھ لوگ اسے اندر ڈھونڈتے ہیں کچھ باہر دوسروں سے ناپ تول میں اپنی خوشیوں کا حساب کرتے ہیں.
تو خوشی پھر کیا ہے. یہ ہماری ذات کے اندر کا وہ آتش فشاں ہوتا ہے جو ہار نہیں مانتا. جو ٹوٹ جائے ڈوب جائے یا بھلے وقت کی ٹھوکروں میں ریزہ ریزہ ہو جائے یہ پھر خود کو جوڑ کر چل پڑتا ہے. یہ چلنا بند نہیں کرتا. ہماری یہی ضد خوشی ہے. یہ ضد خود سے ہو تو خوشی کا تعاقب بن جاتی ہے دوسروں سے ناپ تول پر لگ جائے تو گمنام ہو جاتی ہے. کیونکہ دوسرے بہت زیادہ ہیں اور ہر ایک کا حساب الگ الگ ہے.